گاندھی نگر،10دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)ایک دن کے گجرات دورے پر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کی میٹنگ سے پہلے آج یہاں رائے سین گاؤں میں اپنی ماں سے ملاقات کرنے پہنچے اور اس کاآشیروادلیا۔دن کی شروعات میں بناس کانٹھا ضلع کے دیسا شہر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے پہنچے مودی رائے سین ضلع میں اپنے بھائی پنکج مودی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ان کی 97سالہ ماں ہیرابین یہیں پررہتی ہیں۔بی جے پی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ پارٹی کے اجلاس کے لئے رائے سین سے سات کلومیٹر دور کوبا میں بی جے پی ہیڈکوارٹر آنے سے پہلے وزیر اعظم اپنی ماں سے ملنے پہنچے اور اس کاآشیرواد لیا۔انہوں نے بتایا کہ گاندھی نگر پہنچنے کے بعدمودی جی قریب بیس منٹ تک اپنی ماں کے پاس رکے،اس کے بعد اجلاس کے لئے وہ پارٹی ہیڈکوارٹر آگئے۔گزشتہ17ستمبر کو مودی اپنی 66ویں سالگرہ پر ماں ہیرابا سے ملنے اور اس کاآشیرواد لینے پہنچے تھے۔